حضور محسنِ انسانیت ﷺ نے فرمایا :۔
” ایک شخص اپنے ایک دینی بھائی سے ملاقات کے لئے گیا تو اﷲ (عزوجل) نے اس کے راستے میں ایک فرشتہ بٹھا دیا’ اس نے پوچھا کہاں جارہے ہو ؟ اس نے جواب دیا فلاں بھائی سے ملاقات کے لئے جارہا ہوں’ اس نے پوچھا اس سے کوئی کام ہے اس نے جواب دیا نہیں’ فرشتے نے پوچھا تمہارے درمیان کوئی رشتہ داری ہے ؟ اس نے کہا نہیں’ پوچھا اس نے تم پر کوئی احسان کیا ہے ؟ اس نے جواب دیا نہیں۔ اس نے پوچھا تو پھر کیوں اس سے ملاقات کررہے ہو؟ اس نے کہا میں اﷲ (عزوجل) کے لئے اس سے محبت کرتا ہوں۔ فرشتے نے کہا اﷲ (عزوجل) نے مجھے تمہاری طرف بھیجا ہے اور وہ تمہیں مطلع کرتا ہے کہ وہ (اﷲ عزوجل) تم سے محبت کرتا ہے اور اس نے تمہارے لئے جنت واجب کردی ہے”۔
(صحیح مسلم جلد ۲ ص ۳۱۷ کتاب البر)
نبی اکرم شاہ بنی آدم صلی اللہ تعالی علیہ وسلم نے فرمایا” جب دو آدمی آپس میں اﷲ (عزوجل) کے لئے محبت کرتے ہیں تو ان میں سے جو شخص دوسرے سے زیادہ محبت کرتا ہے وہ اﷲ (عزوجل) کو زیادہ محبوب ہوتا ہے۔”
(المستدرک للحاکم جلد ۴ ص ۱۷۱ کتاب البروالصلۃ)
اسی طرح رحمت عالمیا ن سرور ذیشان ﷺ نے ایک اور جگہ ارشاد فرمایا:ـ
”اﷲ (عزوجل) ارشاد فرماتا ہے کہ میری محبت ان لوگوں کے لئے ثابت ہوگئی جو میرے لئے ایک دوسرے سے ملاقات کرتے ہیں’ میری محبت ان لوگوں کے لئے ثابت ہوگئی جو میرے لئے ایک دوسرے سے محبت کرتے ہیں’ میری محبت ان لوگوں کے لئے ثابت ہوگئی جو میرے لئے ایک دوسرے پر خرچ کرتے ہیں اور میری محبت ان لوگوں کے لئے ثابت ہوگئی جو میرے لئے ایک دوسرے کی مدد کرتے ہیں”۔
(مسند امام احمد بن حنبل جلد۵ ص ۳۲۸ مرویات عبادہ بن سمات)
رحمت عالمیا ن سرور ذیشان ﷺ نے مزید ایک اور مقام پر ارشادفرمایا:
”اﷲ (عزوجل) قیامت کے دن فرمائے گا وہ لوگ کہاں ہیں جو میرے جلال کی خاطر ایک دوسرے سے محبت کرتے ہیں آج میں ان کو اپنے سائے میں جگہ دوں گا جب کہ میرے سائے کے علاوہ کوئی سایہ نہیں”۔
(السنن الکبریٰ للبیہقی جلد ۱۰ ص ۲۳۳ کتاب الشہادات)
ایک جگہ مزید ارشاد فرمایا:
”جو شخص اﷲ (عزوجل) کی رضا کی خاطر کسی دوسرے شخص سے اس کی ملاقات کا شوق اور رغبت کرتے ہوئے اس سے ملاقات کرتا ہے تو اس کے پیچھے سے ایک فرشتہ آواز دیتا ہے کہ تو پاک ہوا’ تیرا چلنا پاک ہے اور تیرے لئے پاکیزہ جنت ہے۔ ”
(جامع ترمذی ص ۲۹۴ ابواب البر)
اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ ہمیں اللہ تعالٰی کے لیے ایک دوسرے سے محبت کرنے کی توفیق عطا فرمائے ۔۔۔ آمین ۔
( منجانب : سوشل میڈیا ، دعوت ِ اسلامی)